حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ سلیکٹڈخان اب اکیلا رہ گیا ہے وہ ایک مایوس آدمی ہے ،بلاول زرداری کے عوامی لانگ مارچ نے فیصلہ دے دیا ہے وزیر اعلیٰ سندھ مختصر دورے پر سابق یونین کونسل چیئرمین جھانگارا تعلقہ سہون سید غلام حسین شاہ کی برسی میں شرکت کیلیے پہنچے، اس موقع پر پی پی کے رہنما رئیس امان اللہ شاہانی، مخدوم ضمیر،عمیر طارق باجاری، سردار حاکم خان نوحانی، شمن راہیپوٹو کے علاوہ ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفی، ایس ایس پی جامشورو جاوید بلوچ اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ میں صوبہ سندھ سے لیکر گلگت بلتستان اور کشمیر تک ہر علاقے کے عوام نے بھرپور شرکت کی اور موجودہ وفاقی حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ارکان کو عوام منتخب کرتی ہے اور انہیں عوام میں واپس جانا بھی ہے جبکہ عدم اعتماد کی تحریک کی کامیابی میں قومی اسمبلی کے ارکان کا کردار ہوگا اور قومی اسمبلی کے ارکان کو عوام کی آواز سننی ہے امید ہے کہ قومی اسمبلی کے ارکان عوام کے آواز کو ضرور سنیں گے اور عمران خان تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد وزیر اعظم نہیں رہیں گے ۔ایک سوال پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ عمران خان تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد کی دھمکی نہ دیں، میں انہیں کہتا ہوں جو کرنا ہے وہ ابھی کردے، بعد میں انہیں وقت نہیں ملے گا۔
