English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایم کیو ایم نے ہمیشہ عوامی مینڈیٹ کا سودا کیا ‘حافظ نعیم

القمر
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن مزار قائد پرپریس کانفرنس کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم 35سال سے کراچی کے عوام کا استحصال کررہی ہے ، ایم کیو ایم نے ہمیشہ عوامی مینڈیٹ کا سودا کیا ۔ اس کاایجنڈا کراچی کے مسائل نہیں بلکہ وزارتیں حاصل کرنا ہے ،ایم کیو ایم نے کوٹا سسٹم کے خاتمے کے لیے نہ صرف یہ کہ کوئی بات نہیںکی بلکہ اس نے پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر اس میں غیر معینہ مدت تک اضافہ کر ایا اور 2017ء میں نواز لیگ کے دور میں ہونے والی جعلی مردم شماری جس میں کراچی کی آدھی آبادی کو غائب کر دیا گیا تھا اس کی حتمی منظوری دلائی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کومزار قائد ، نمائش چورنگی پر کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول،شہر میں برھتی ہوئی مسلح ڈکیتیوں اور لوٹ مار کی وارداتوں سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے جاری حق دو کراچی تحریک اور’حقوق کراچی کارواں‘‘ کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر کراچی راجا عارف سلطان ، پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ ،ڈپٹی سیکرٹریز یونس بارائی ، عبدالرزاق خان ،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ کراچی سمیت سندھ بھر کی امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے اسے بہتر کرنے کے لیے سندھ حکومت اور متعلقہ ادارے توجہ دیں ،ملکی سطح پر عدم اعتماد کی تحریک کے نتیجے میں ایک سیاسی بھونچال ہے لیکن اصل مسائل کی طرف کسی کی توجہ نہیں ہے،عدم اعتماد کی تحریک کی وجہ سے شہریوں میں پھر سے مایوسی پھیلنے لگی ہے، قومی سطح پر انسانوں کی منڈی اور خرید وفروخت کا بازار لگا ہواہے،ایم این ایز اور ایم پی ایز چوکوں اور چوراہوں پر بیٹھے اپنی بولیاں لگا رہے ہیں، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو موجودہ سیاسی بھونچال میں عوامی حقوق کی جدو جہد کر رہی ہے،کراچی سے مینڈیٹ لینے والی پارٹیاں ذاتی مفادات اور گھناؤنی سیاست کے سوا کچھ نہیں کر رہی،کراچی میں بڑھتی ہوئے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے خلاف سوائے جماعت اسلامی کے کسی نے آواز نہیں اٹھائی۔ جماعت اسلامی کو آئندہ بھی موقع ملا تو ہم عوام کی خدمت اور مسائل حل کرائیں گے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے