نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا بھارت پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کی۔ خبررساں اداروں کے مطابق وہ اپنے دور ے کے دوران بھارت میں 42 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر سکتے ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا 2روزہ بھارت جاپان سالانہ سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے نئی دہلی آئے ہیں۔ گزشتہ برس وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کشیدا کا بھارت کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ اپنے پہلے دورئہ بھارت کے دوران فومیو کشیدا 5برس کے لیے 42 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 300 ارب ین کے قرض کی بھی منظوری کا بھی امکان ہے۔ دونوں ممالک توانائی سے متعلق تعاون میں کاربن میں کمی کی دستاویزات پر بھی دستخط کریں گے۔ 2014 ء میں سابق جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے نے ساڑھے 3کھرب ین کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا ، جسے فومیو کشیدا نے بڑھا کر 5کھرب ین یعنی 42 ارب امریکی ڈالر کر دیا ہے۔ نئی دہلی میں دونوں ممالک کے وفود کے اجلاس میں ہند بحرالکاہل کے موصوع پر بات چیت کی گئی۔ واضح رہے کہ بحرالکاہل میں امریکا ، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا نے چین کے خلاف اتحاد بنارکھا ہے۔
