پتوکی : تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) کے امیر سعد حسین رضوی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ سے غریب عوام کوفوری سستا انصاف ملے گا اور تعلیمی نظام، صحت میں بہتری آئے گی اورملک پاکستان ترقی وخوشحالی کی طرف گامزن ہوگا۔
سربراہ ٹی ایل پی کا کہنا تھا کہ حرمت رسول ﷺ پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا حضور ؑکی عزت، ناموس پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے، پاکستان میں سارے نظام استعمال کرلئے گئے مگر کسی بھی نظام سے عوام اور ملک کو فائدہ نہیں ہوا۔
سعد حسین رضوی نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا مگر ملک میں آج تک اسلامی نظام کا نفاذ نہیں ہواتمام سیاسی جماعتیں آج اگر اس بات پر متفق و متحد ہو جائیں کہ ملک میں نظام مصطفٰیؐ کا نفاذ ہو تو ہمارے اسلامی ملک کی تقدیر بھی بدل جائے گی۔
انہوں نے مزید کہاکہ تحریک لبیک پاکستان جو حقیقی طور پر نظام مصطفیؐ کیلئے کام کر رہی ہے ملک سے مہنگائی بے روزگاری بدامنی کو دور کرنے کا ایک ہی راستہ ہے صرف دین مصطفی ؐ کو تخت پر لے آئیں نظام مصطفیؐ کے قیام کیلئے تحریک لبیک میدان عمل میں ہے۔
