English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ذمہ دار ایٹمی قوت ہیں،خودمختاری پر سمجھوتا نہیں کرینگے،صدر علوی

القمر
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان ودیگریوم پاکستان کی پریڈ کا مشاہدہ کررہے ہیں

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ذمے دار ایٹمی قوت ہے ، تمام ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں ، ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، بھارت نے توسیع پسندانہ عزائم کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے،دشمن کان کھول کر سن لے ،کسی بھی مسلط کردہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کے لیے تیارہیں،پوری قوم پاکستان کومضبوط اورخوشحال بنانے کے سفرمیں متحدکھڑی ہے ۔بدھ کواسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ یومِ پاکستان کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہ آج کادن تاریخی لحاظ سے منفرد ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان اسلامی امہ کے اس عالمی ادارے کا بانی رکن ہے، ہماری خواہش ہے کہ او آئی سی کو مستحکم ادارہ بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن تحریک پاکستان کے قائدین اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عزم کرتے ہیں کہ ملک کی آزادی اور خود مختاری کو ہمیشہ عزیز رکھیں گے۔صدر مملکت کے بقول حصول پاکستان کا مقصد جدید اسلامی فلاحی مملکت کا قیام تھا، ایسی مملکت جواسلامی اصولوں پر مبنی اعتدال پسند اور روادار معاشرے کا عملی نمونہ پیش کرے، مملکت میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کو بھی جان و مال کا تحفظ اور مذہبی آزادی حاصل ہو، مساوات، قانون و انصاف کی حکمرانی ہو،اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ بانیانِ پاکستان کی امنگوں کے مطابق جدید اسلامی فلاحی جمہوری ریاست کے حصول کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے۔عارف علوی کا کہنا تھاکہ دنیائے اسلام کو بڑی آزمائشوں کا سامنا ہے، فلسطین اور بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں عوام پر جبر و تشدد کیا جاتا ہے، دنیا میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر نے مسلمانوں کو خطرات سے دوچار کیا ہے، میرے لاکھوں افغان بھائی بھوک اور بیماری سے گزر رہے ہیں، غیر یقینی کیفیت میں ہیں۔صدرپاکستان نے کہا کہ اسلامو فوبیا کو عالمی سطح پر روکنے کے لیے اقوامِ متحدہ میں اوآئی سی اور پاکستان نے بھرپور کاوشیں کی ہیں۔ صدرمملکت کا کہنا تھاکہ دنیا اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اسلامو فوبیا کی کیفیت کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جائے، او آئی سی کا اجلاس امہ کے مسائل کے حل کی تلاش، قیادت اور اتحاد کے لیے بہترین موقع ہے، باہمی اتحاد اور تعاون سے تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے اور کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ اقوامِ متحدہ پر زور دیتا ہوں کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے متعلقہ قرار دادوں پر عمل درآمد کیا جائے، جس کا ہم انتظار کر رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ باہمی اتحاد اور تعاون سے تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جائے گا، پاکستان تمام ممالک کے ساتھ امن چاہتا ہے، ہم نے آزادی کے تحفظ کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں،ہم نے اندرونی اور بیرونی سازشوں پر کامیابی حاصل کی اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے سب ادارے جمہوریت کا استحکام اور قانون کی بالا دستی چاہتے ہیں۔قبل ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں مسلح افواج کی پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے شرکا خصوصی طور پر شریک ہوئے۔تقریب میں صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ندیم رضا، مسلح افواج کے سربراہان اور او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے شرکا نے شرکت کی۔سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر نے ایف 16طیارہ اڑاتے ہوئے دوجے 10 طیاروں کے ہمراہ صدر مملکت کو سلامی دی۔ اس موقع پر ونگ کمانڈر بلال رضا اور ونگ کمانڈر حسن انیس ان کے ہمراہ تھے۔ فلائی پاسٹ میں شامل جے 10 جدید ترین لڑاکا طیارے ہیں جنہیں حال ہی میں پاک فضائیہ میں شامل کیا گیا ہے۔پریڈ میں مسلح افواج کے بری، فضائی اور بحری دستوں کے علاوہ کمانڈوز، آرمڈ کور، ائر ڈیفنس اور انجینئرز بٹالین سمیت ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے مواصلاتی دفاعی آلات کا بھی شاندار مظاہرہ کیا، جدید ترین میزائل، ٹینک اور توپخانہ بھی پریڈ کا حصہ بنائے گئے۔ دوست ممالک کی افواج کے دستے بھی پریڈ میں شریک ہوئے، ازبکستان کی مسلح فوج کا دستہ پہلی بار پریڈ میں شریک ہوا، آذر بائیجان کی بہادر افواج کے دستے نے بھی پریڈ میں شرکت کی، ترکی، بحرین اور سعودی عرب کے دستے بھی پریڈ میں شامل ہوئے۔او آئی سی کا فلوٹ بھی یوم پاکستان کی پریڈ میں شامل کیا گیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے