
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے کیپٹل مارکیٹس کے فروغ کیلیے 30 کروڑ ڈالرکے معاہدے پردستخط کردیے، معاہدے پر دستخط ہونے کی تقریب وزارت اقتصادی امور ڈویژن میں ہوئی۔ اس پروگرام کامقصد کیپٹل مارکیٹس کو مستحکم کرنا، مارکیٹ کی سہولت کو بڑھانا، رسد پر مبنی اقدامات اور کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کیلیے طلب پر مبنی اقدامات کو بہتر بنانا ہے۔ اس سے پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کی ترقی، ملک میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کی مالی اعانت کیلیے ملکی وسائل کو متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان نے اس پروگرام کے تحت 19 پیشگی اقدامات پہلے سے مکمل کرلیے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمرایوب خان نے اس موقع پرکہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے حکومت پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون قابل تعریف ہے، پاکستان نے حال ہی میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی تکنیکی اور مالی معاونت کے تحت مختلف اصلاحات مکمل کی ہیں جن میں تجارت اور مسابقتی پروگرام، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور مالیاتی پائیداریت پروگرام اور کیپٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ پروگرام شامل ہے۔
