English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران خان چوہدری پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے پر رضامند ،عثمان بزدار مستعفی

القمر

اسلام آباد/لاہور)نمائندگان جسارت+این این آئی ) وزیر اعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کردیا۔ معاون خصوصی وزیر اعظم فرخ حبیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا ہے۔ فرخ حبیب کے مطابق چودھری پرویز الٰہی کو وزارت اعلیٰ دینے کا فیصلہ آنے کے بعد عثمان بزدار نے بطور وزیراعلیٰ اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو پیش کردیا ہے۔بعدازاں قلیگ کی جانب سے حکومت کے ساتھ اتحاد جاری رکھنے کا باقاعدہ اعلان سامنے آیا ہے۔ جس میں بتایاگیا کہ ق لیگ کے وفد کی اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی قیادت میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے عثمان بزدار سے استعفیٰ لے لیا ہے اور آپ کو اپنی پارٹی کی جانب سے بطورِ وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کرتا ہوں اور آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ق لیگ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے نامزدگی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا گیا۔ انہوں نے عمران خان سے کہا کہ آپ کے اعتماد پر پورا اتروں گا، ق لیگ بطور اتحادی اپ کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔ق لیگ کے رہنما اوروفاقی وزیر مونس الٰہی نے تصدیق کی ہے کہ پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے حوالے سے وزیراعظم کی پیشکش قبول کرلی ہے۔علاوہ ازیں نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پرویزالٰہی اور وزیراعظم کی بنی گالہ میں ملاقات حتمی فیصلے بتانے کے لیے ہی ہوئی تھی۔ دوسری تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لیے حکومتی وفد نے اتحادیوں کے ساتھ رابطے تیز کردیے، حکومتی وفد نے پارلیمنٹ لاجز میں ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات کی۔ حکومتی وفد میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر کے ساتھ وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی شامل تھے۔ حکومتی وفد نے باضابطہ طور پر ایم کیو ایم کو ایک اور وزارت اور دفاتر کھولنے کی پیشکش کردی۔حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے نتیجے میں بہت جلد بریک تھرو متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے مشاورت کے بعد جواب دینے کافیصلہ کیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے