اسلام آباد(اے پی پی)الیکشن کمیشن نے صوبہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے،ضلع کوئٹہ اورلسبیلہ کے علاو ہ تمام اضلاع میں انتخابات 29مئی 2022کو کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔منگل کو الیکشن کمیشن کااہم اجلاس ہوا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کی ۔ الیکشن کمیشن کو بتایا کیا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حلقہ بندی کا شیڈول الیکشن کمیشن نے دوبارہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ابتدائی حلقہ بندیاں 15اپریل 2022کو شائع کی جائیں گی اور حتمی اشاعت مورخہ19مئی 2022 کو ہوگی۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ حلقہ بندی کی تکمیل کے بعد الیکشن کمیشن وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقادکو یقینی بنائے گا۔الیکشن کمیشن نے صوبہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے شیڈ ول کی بھی منظوری دی ہے جس کے مطابق ضلع کوئٹہ اور لسبیلہ کے علاو ہ تمام اضلاع میں انتخابات 29مئی 2022کو کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ضلع کوئٹہ اور لسبیلہ میں صوبائی حکومت کی طرف سے حلقہ جات کی تعداد بڑھانے کی وجہ سے حلقہ بندی دوبارہ کی جا رہی ہے اور حلقہ بندی کی تکمیل کے بعد ان اضلاع میں انتخابات کا شیڈول بعد میں دیا جائے گا۔الیکشن کمیشن ، الیکشن شیڈول کا نوٹیفکیشن ایک دو روز میں جاری کر دے گا۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ کے انتخابات کے انعقاد کو جلد ازجلد یقینی بنانے کے لیے صوبائی الیکشن کمشنروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ فوری طور پر الیکشن میٹریل کے حصول ، بیلٹ پیپر وں کی پرنٹنگ سے متعلق پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن کے متعلقہ افسران سے رابط کریں اور صوبائی حکومتوں سے بھی فوری رابطہ کریں تاکہ الیکشن کمیشن مذکورہ بالا صوبوں میں الیکشن کا شیڈول بھی فوری طور پر جاری کرے ۔ مزید برآں الیکشن کمیشن کو خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے جس کی پولنگ 31مارچ 2022 کو منعقد ہو رہی ہے اس کے انتظامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی بے ضابطگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
