ابوجا (انٹرنیشنل ڈیسک) نائیجیریا میں ریل گاڑی پر کیے جانے والے حملے میں 8افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی حکام نے بتایا کہ حملہ پیر اور منگل کی درمیانی شب کیا گیا۔ جس مسافر ٹرین کو نشانہ بنایا گیا، وہ دارالحکومت ابوجا اور شمال مغربی شہر کادونا کے درمیان سفر میں تھی اور اس میں سیکڑوں مسافر سوار تھے۔ حملہ آوروں نے پہلے ریلوے لائن پر بم دھماکا کر کے اسے نقصان پہنچایا اور پھر ریل گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فوج کے مطابق یہ حملہ بھاری ہتھیاروں سے مسلح مقامی پیشہ ور مجرموں کے منظم گروہوں نے کیا ہے۔
