لاہور(نمائندہ خصوصی ) آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور اوپننگ بیٹر امام الحق نے شاندار سنچریاں اسکور کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر ریکارڈ ساز فتح حاصل کی تھی۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے 114 اور امام الحق نے 106رنز کی اننگز کھیلیں تھیں۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں سنچری میکر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں انہیں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے سے متعلق بات چیت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہمارا یہی پلان تھا کہ جس طرح فخر اور امام نے اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی اسے آگے بڑھائیں گے اور رن ریٹ کو نیچے نہیں آنے دیں گے۔ بابر اعظم کا کہنا تھا آسٹریلیا کے خلاف اپنا نیچرل گیم کھیلا لیکن بعض اوقات آپ کو رن ریٹ کے حساب سے تھوڑا متحرک رہنا پڑتا ہے، میری اور امام کی شراکت داری بہت اہم تھی۔
