حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان معاہدے کےخلاف قومی عوامی تحریک، سندھ ترقی پسند پارٹی اور سندھانی تحریک کے تحت احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔رہنماﺅںنے متنبہ کیا کہ اپنا اقتدار بچانے اور حاصل کرنے کی جنگ میں سندھ کے حقوق کا سودا برداشت نہیں کریں گے۔تفصیلات کے مطابق قومی عوامی تحریک ضلع حیدرآباد کی جانب سے پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان معاہدے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع پرقومی عوامی تحریک کے ڈویژنل صدر خالد سموں ‘ نذیر بلیدی‘ بابو میمن‘ معشوق چانڈیو‘ سندھانی تحریک کی مرکزی صدر زینت سموں‘ راحیلہ بھٹو‘ نصرت خاصخیلی ودیگر نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے 14سال کے دوران کرپشن کے ریکارڈ توڑے ہیں سندھ کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیالیکن سندھ کے غیور عوام سندھ کی وحدانیت کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ ایم کیو ایم
نے ہمیشہ مفاد پرستی اور نفرت کی سیاست کی ہے انہوںنے کہاکہ سندھی اور اردو بولنے سب بھائی ہیں لیکن ایم کیو ایم اور پی پی مفادپرست اور سندھ دشمن اتحاد کو مسترد کرتے ہیں ۔دوسری جانب سندھ ترقی پسند پارٹی نے پیپلزپارٹی‘ نواز لیگ اور ایم کیو ایم کے درمیان ہونے والے معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے 10اپریل کو حیدرآباد میں سندھ قومی کانفرنس کرانے کا اعلان کیا ہے یہ فیصلہ ایس ٹی پی چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہاکہ ہم حالیہ پی پی‘ نواز لیگ اور ایم کیو ایم کے درمیان ہونے والے معاہدے کو مسترد کرتے ہیں یہ معاہدہ مکمل طور پر لسانی بنیاد پر ہے اور سندھ کے حقوق واختیارات پر ڈاکا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آصف زرداری اور شہباز شریف کو کس نے اختیار دیا کہ وہ سندھ کے حقوق‘ اختیارات اور نوکریوں کی بند ربانٹ کریں ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم ایک نسل پرست دہشت گرد تنظیم ہے جس نے پہلے بھی سندھ کے خلاف سازشیں کی ہیں انہوںنے کہاکہ اپنا اقتدار بچانے اور حاصل کرنے کی جنگ میں سندھ کے حقوق کا سودا برداشت نہیں کریں گے۔
