کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستانی بیٹر امام الحق نے آسٹریلیا کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں 298 رنز اسکور کرکے گراہم گوچ کا 37 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی گئی جس میں پاکستان کے مایہ ناز بلے باز اور اوپنر امام الحق نے ایک نصف سنچری اور 2 سنچریوں کی بدولت 298 رنز اسکور کیے ہیں۔ امام الحق نے 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں مجموعی طور پرزیادہ رنز بناکر سابق برطانوی بلے باز گراہم گوچ کا 37 سال ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس سے قبل گراہم گوچ نے 1985 میں 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں 289 رنز اسکور کیے تھے جبکہ کپتان بابر اعظم اس فہرست میں 276 رنز بناکر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ علاوہ ازیں اس فہرست میں چوتھا نمبر جنوبی افریقاکے وکٹ کیپر و بلے باز ہیزک کلاسن کا ہے، جنہوں نے 2020 میں 242 رنز بنائے تھے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان گذشتہ روز لاہورکے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے تیسرے اورآخری میچ میں پاکستان نے بابر اعظم کی سنچری اور امام الحق کی نصف سنچری کی بدولت شکست دی تھی۔ پاکستان نے میچ کے ساتھ ساتھ سیریز بھی اپنے نام کرلی جبکہ میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز کپتان بابر اعظم کے نام رہا تھا۔
