لاہور: پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل تک موخر کردیا گیا ،پنجاب اسمبلی کا اجلاس 6 اپریل بدھ کو ہونا تھا لیکن اب 16 اپریل کو ہوگا۔ ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری نے اجلاس موخر کرنے کی منظوری دیتے ہوئے 16 اپریل کو دوبارہ طلب کرلیا ہے۔گزشتہ اجلاس میں ہونے والی توڑپھوڑ کو اس فیصلے کی وجہ بتایا گیا ہے۔
اسمبلی ذرائع کے مطابق ایوان اور لابی میں ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کے لیے اجلاس تاخیر کا شکار ہوا۔ نقصان پہنچنے والی اشیا کی مرمت کے لیے وقت درکار ہے جس کے لیے اجلاس کی تاریخ میں توسیع کی گئی۔ اب اجلاس 16 اپریل کو صبح ساڑھے 11 بجے ہوگا۔خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس بدھ کو طلب کیا گیا تھا جس میں نئے وزیراعلی پنجاب کا انتخاب ہونا تھا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے یقین دہانی کرائی تھی کہ اسمبلی اجلاس بد ھ کوآئین کے مطابق ہوگا۔