کراچی (اسٹاف رپورٹر):نیا ناظم آباد فٹبا ل گرانڈ میں دوسرے نیا ناظم آباد رمضان کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں نیشنل سوکر اور غریب شاہ یونین کے درمیان مقابلہ شروع سے ہی جارحانہ رہا۔ نعمان خان نے پچیس ویں منٹ میں گول اسکور کیا۔ جسے نیشنل سوکر عبدالوحید نے برابر کردیا۔ پہلے ہاف کے آخری لمحات میں عبید خان نے مزید دو گول داغ کر اپنی ٹیم کو تین ایک سے برتری دلائی۔ تاہم غریب شاہ یونین کے فاروڈز نے ہمت نا ہاری۔ عبد الرحمن اور شہریار نے بہتر اور اٹھتر ویں منٹ بال کو جال میں پہنچا کر مقابلہ تین تین گول سے برابر کر دیا۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ناصر اسماعیل کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ زیادہ مقابلے ہوں گے تو کھلاڑیوں کے کھیل میں بھی نکھار آئے گا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نینشل سیلز منیجر ڈالڈا فوڈز غازی الدین سے دونوں ٹیموں کا تعارف کرایا گیا۔ غازی الدین کا کہنا تھا کہ ایسے مثبت مقابلے تسلسل سے ہونے چاہیے۔ تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ صحت مند سرگرمیوں کو بھرپور سپورٹ کرتا ہے۔ مستقل قریب میں ایونٹ کے انعقاد کے لیے تعاون بھی کریں گے۔ نیشنل سوکر کلب کے اسٹرائیکر عبید خان کو دو گول اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
