English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

متحدہ اپوزیشن کا آج یوم تشکر منانے کا اعلان

القمر

اسلام آ باد (مانیٹرنگ ڈیسک)عدالت عظمیٰ کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ اور صدر مملکت کے اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دینے کے بعد مشترکہ اپوزیشن نے (آج)جمعہ کو یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔عدالت عظمیٰ کے باہر جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ اللہ نے 22 کروڑ عوام کی دعائیں قبول کیں، عدالت نے ایسا فیصلہ دیا ہے جس سے پاکستان کا آئین اور ملک بھی بچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے یہ فیصلہ دے کر اپنی آزادی اور وقار کو 4چاند لگادیے ہیں، ہم عدالت عظمیٰ کے بہت شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ایک متفقہ فیصلہ دے کر پاکستان کے عوام کی خواہشات کی عکاسی کی اور پارلیمان کو مضبوط کیا،ماہ رمضان یہ بہت بڑا معرکہ سر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن نے پاکستان کے عوام اور اتحادیوں کے ساتھ مل کر یہ جنگ لڑی،
آج ہم خدا کے سامنے سجدہ ریز ہوں گے اور اس کا ہم جتنا شکر ادا کریں کم ہوگا۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ پوری قوم، آئین پاکستان اور جمہوریت کی فتح ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سجھتے ہیں کہ عدلیہ نے بھی عوام کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے اطمینان بخش فیصلہ کیا،(آج) جمعہ کویوم احتجاج نہیں یوم تشکر ہوگا، ملک کے لیے دعائیں اور ریلیاں ہوں گی ۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پارلیمان اور اب عدالت میں بھی انہیں شکست دی، ہم اعلیٰ عدلیہ کو کہنا چاہیں گے کہ جس طریقے سے یہ فیصلہ دیا گیا اس سے ایک مثال قائم کی گئی جس سے پاکستان کی جمہوریت، ادارے اور آئین کا تحفظ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن کی وجہ سے ادارے متنازع ہوچکے تھے لیکن آج جمہوریت اور آئین کی فتح ہوئی ہے اور 2018ء کے داغ آج دھل گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ اب تحریک عدم اعتماد کا عمل مکمل ہوگا اور ہم الیکٹورل ریفارمس کرا کر صاف اور شفاف انتخابات کی جانب بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور جمہوریت پسند شخص کو مبارکباد دیتے ہوئے یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ جمہوریت کی جیت اور سلیکٹڈ راج کے خاتمے کا جشن منائیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا فیصلہ اپوزیشن کے نہیں صرف آئین کے حق میں ہوا ہے، یہ فیصلہ پاکستان کی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا کہ آج پاکستان کی عدالت نے جمہوریت کے ساتھ انصاف کیا ہے۔بلاول نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’شکر الحمدْ للّٰہ ربّ العالمین‘۔انہوں نے کہا کہ قوم کو آئین کی سر بلندی بہت بہت مبارک۔ آئین توڑنے والوں کا کام ہمیشہ کے لیے تمام ہوا۔ اللہ پاکستان کو چمکتا دمکتا رکھے۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان کو عوام دشمن، نالائق ترین، نا اہل ترین اور ناکام ترین حکومت سے نجات بھی بہت بہت مبارک ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر کاعدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج عدالت نے تاریخی فیصلہ سنایا ہے،آج عدالت نے آئین پاکستان کا تحفظ کیا، عدالت نے آج 22 کروڑ لوگوں کی عزت کا فیصلہ دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے