اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے نئی حکومت کو تسلیم نہ کرنے سے متعلق قوم کے نام نیا پیغام شیئر کیا ہے۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان اپنے سوشل میڈیا پر کافی متحرک نظر آ ئے اور ایک گھنٹے کے دوران متعدد پوسٹس شیئر کر ڈالیں۔وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس پر ایک نیا پیغام شیئر کیا گیا ہے۔
اس 2 منٹ 17 سیکنڈ کے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو نئی حکومت اور غلامی تسلیم نہ کرنے سے متعلق ترغیب دی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا اس ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ میں اپنی نوجوان نسل سے آج کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے، میں اس امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کروں گا اور میں عوام میں جاﺅں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ میں کبھی بھی جد جہد سے نہیں گھبراتا میں، میں جد و جہد جاری رکھوں گا، میں کبھی تسلیم نہیں کروں گا کہ پاکستان پر کسی بھی قسم کی امپورٹڈ حکومت مسلط کی جائے۔ اس ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم عمران خان قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں کس طرح کا پاکستان چاہیے، نوجوانوں، آپ کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے، ایک زندہ قوم اپنے حقوق کےلئے کھڑی ہوتی ہے، آپ نے غلامی قبول نہیں کرنی ہے۔
