حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام (س) ضلع حیدرآباد کے جنرل سیکرٹری حافظ ارمان احمد چوہان نے اپنے ایک بیان میں حیسکو انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینے میں سحری افطاری پانچ وقت نمازوں اور تراویح کے اوقات میں بلا جواز کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حیسکو کے اس عمل کی وجہ سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے خصوصاً لیاقت کالونی سب ڈویژن اور الیاس آباد سب ڈویژن میں عوام کو شدید گرمی کے موسم میں بار بار بجلی بند کر کے پریشان کیا جارہا ہے ایسا لگتا ہے افسران کو کہیں سے یہ پالیسی ملی ہے کہ روزہ داروں کو پریشانی میں مبتلا کیا جائے۔ اس کے علاوہ لیاقت کالونی کے بعض ٹرانسفارمر کے لنک اُتار کر بھی عوام کا صبر آزمایا جارہا ہے ہم حیسکو انتظامیہ کو کہنا چاہتے ہیں کہ حیدرآباد کی عوام کے ساتھ یہ ظلم و زیادتی بند کی جائے اور رمضان المبارک میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ مکمل ختم کی جائے۔
