English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سعودی عرب کا 10لاکھ حجاج کو اجازت دینے کا اعلان

القمر

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب نے رواں سال 10لاکھ عازمین حج کو اجازت دینے کا اعلان کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق سعودی حکومت کے اعلان کے تحت 2برس کے تعطل کے بعد غیر ملکی زائرین کورونا ضوابط کے ساتھ فریضہ حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔ حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بیرون ملک سے آنے والے زائرین کے لیے 65سال سے کم عمر ہونے کی شرط رہے گی،جب کہ ان کے لیے کورونا ویکسین کا سرٹیفیکیٹ دکھانا بھی لازمی ہوگا۔ گزشتہ 2برسوں کے دوران صرف سعودی عرب میں رہنے والے چند ہزار عازمین کو ہی فریضہ حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ عازمین حج کی تعداد میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے بعض ضابطوں کا بھی اعلان کیا۔ وزارت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ میں صرف ایسے عازمین حج کو آنے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے کورونا کی دونوں ویکسین لگوالی ہوں۔ زائرین کو روانگی سے 72گھنٹے پہلے کورونا سرٹیفیکٹ دکھانا ہوگا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس امر کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان ایک محفوظ او روحانی ماحول میں فریضہ حج ادا کرسکیں اور مسجد نبوی کی زیارت کرسکیں ۔ اس کے علاوہ زائرین کی صحت وسلامتی اور سیکورٹی بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے