جنین( مانیٹرنگ ڈیسک) قابض اسرائیل فوج نے بیت الحم کے علاقے میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں ایک 40 سالہ خاتون شہید ہوگئیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 3 روز قبل جنین میں مسلح شخص کی فائرنگ میں 3 اسرائیلی شہریوں کی ہلاکت کے بعد سے اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پناہ گزین کیمپوں سمیت رہائشی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے حملہ کر دیا۔ گزشتہ روز فلسطین کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں2 نوجوان شہید ہوگئے جبکہ جنین میں بھی ایک چھاپا مار کارروائی کے دوران فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا گیا۔ریاستی دہشت گردی کا یہ سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیل فوج کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک 40 سالہ فلسطینی خاتون جان کی بازی ہارگئیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ تنبیہ کے لیے کی ہوئی فائرنگ تھی جس کی زد میں خاتون آگئیں۔خیال رہے کہ 7 اپریل کو مسلح شخص کے حملے میں 3 اسرائیلی شہریوں کی ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، اسرائیلی فوج نے حملہ آور کو موقع پر ہلاک کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملہ آور کی شناخت 28 سالہ رعد ہزیم کے نام سے ہوئی ہے۔
The post اسرائیلی فوج کی بزدلانہ کارروائی میں فلسطینی خاتون شہید appeared first on Daily Jasarat News.
