کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیاناظم آباد رمضان کارپوریٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید2 میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ کامران اکمل کی قیادت میں ایشل فیلکن نے ایس ایم ایس جمخانہ کو چودہ رنز سے شکست دی۔ جبکہ ہومینیٹی ڈور فائونڈیشن نے ماہد اسپورٹس کو 24رنز سے ہرایا۔ نیا ناظم آباد کرکٹ اسٹیڈیم پر ایشل فیلکن کی ٹیم نے پہلے ببیٹنگ کرتے ہوئے مقرر ہ 20 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز اسکور کیے ۔ کامران اکمل نے3چوکوں اور2 چھکوں کی مدد30گیندوں پر40 رنز بنائے۔ محمد سودیش نے 38رنزکی اننگز کھیلی۔ فاروق حسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ایس ایم ایس جمخانہ کی ٹیم مقررہ اوور میں 6 وکٹوں پر 174 رنز بناسکی۔ اکبر بابر 44 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ عاکف جاوید، احمد دانیال اور حسین طلعت نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ کامران اکمل کو ان کی جارحانہ بلے باز ی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دوسرے میچ میں ہونیٹی ڈور فائونڈیشن کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میں6 وکٹوں پر 213 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دیا ۔ محمد افضل نے صرف 38 گیندوں پر 95 رنز کی اننگز کھیلی، افضل کی اننگز میں 11 چھکے اور 4 چوکے بھی شامل تھے۔ جہانزیب سلطان نے 62 رنز بنائے۔ شایان نعیم اور اوسامہ بشارت نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ماہد اسپورٹس کی ٹیم 9 وکٹوں پر 189 رنز بناسکی۔ لال کمار 49 رنز بناکر نمایاں رہے۔ جہانزیب سلطان نے 3 اور خوزائمہ بن تنویر نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ محمد افضل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔
