کولمبو (انٹرنیشنل ڈیسک) سری لنکا میں دوائیں ختم ہونے کے باعث بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خطرہ منڈلانے لگ گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ڈاکٹروں نے متنبہ کیا ہے کہ اسپتالوں میں زندگی بچانے والی دوائیں ختم ہوچکی ہیں۔ اگر فوری طور پر طبی امداد نہ دی گئی تو اس سے کہیں زیادہ اموات ہوسکتی ہیں جتنی کورونا وائرس کی وبا سے ہوئی تھیں۔ میڈیکل ایسوسی ایشن ایس ایل ایم اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے اسپتالوں میں طبی ساز و سامان اور اہم دوائیں ختم ہونے کے باعث گزشتہ ماہ سے ہی سرجری معطل کردی گئی ہے ایس ایل ایم اے نے اس صورت حال سے صدر گوٹابایا راجاپاکسے کو معطلع کرنے کے لیے ایک خط بھی بھیجا،جس میں لکھا تھا کہ سنگین صورت حال میں یہ فیصلہ کرنا پڑ رہا ہے کہ کس کا علاج کریں اور کس کا علاج نہ کریں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اقتصادی بحران کی وجہ سے عوام میں غصہ بڑھتا جارہا ہے اور راجا پاکسے سے استعفا دینے کے لیے بڑے پیمانے پر مظاہرے ہورہے ہیں۔دارالحکومت کولمبو میں مسلسل دوسرے روز ہزاروں لوگوں نے موسلادھار بارش کی پروا کیے بغیر صدارتی دفتر کے باہر مظاہرے کیے۔ کاروباری رہنماوں نے بھی صدر سے اپنا عہدہ چھوڑ دینے کا مطالبہ کیا۔
