واشنگٹن (صباح نیوز) پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ امریکا کے پاک فوج کے ساتھ مضبوط عسکری تعلقات ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ یہ تعلقات جاری رہیں گے۔ ایک پریس بریفنگ میں جان کربی نے کہا کہ اِس خطے میں سلامتی اور استحکام کے حوالے سے امریکا کے پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان خطے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے‘ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان اور اس کے عوام خود اپنے ہی ملک کے اندر دہشت گرد حملوں کا شکار ہیں۔شہباز شریف کے بطور وزیر اعظم انتخاب اور معزول وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے امریکا کے خلاف حکومت کی تبدیلی میں کردار ادا کرنے کے الزامات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں جان کربی نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ہم پاکستان کی اندرونی سیاست کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔انہوں نے دوبارہ واضح کرتے ہوئے کہا کہ میں یقینی طور پر پاکستان کی داخلی سیاست پر بات نہیں کروں گا۔
