مقبوضہ بیت المقدس/اسلام آبا د(اے پی پی+ آن لائن ) مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز نے جمعہ کی صبح مسجد اقصیٰ پر اچانک دھاوا بولتے ہوئے کمپاؤنڈ میں موجود نمازیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ان پر ربڑ کی گولیاں بھی برسائیں۔اسرائیلی فوجیوں کے حملے کے نتیجے میں 152 افراد زخمی ہو گئے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی ریڈ کراس کے رکن نے بتایا کہ جمعہ کی صبح کو مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 152 ہو گئی ہے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم اب بھی درجنوں زخمی احاطے میں موجود ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں فائر کیں جبکہ فلسطینی مظاہرین نے اپنے دفاع میں اسرائیلی فوج پر پتھرائو کیا۔علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین کے مختلف مقبوضہ علاقوں میں موجودہ صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتا ہے۔ گزشتہ روز مسجد الاقصی پر اسرائیلی افواج کے حملوں میں 152 افراد کے زخمی اور 300 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا جاری بیان کے مطابق عاصم افتخار احمد نے کہا یہ عبادت گزاروں پر بالخصوص رمضان المبارک میں قابل مذمت حملہ تمام انسانی اقدار اور انسانی حقوق قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا حالیہ چند ہفتوں میں اسرائیلی افواج نے مشرقی یروشلم و دیگر علاقوں میں درجنوں فلسطینیوںکا قتل اور بے شمار کو زخمی کیا ۔ اسرائیلی افواج کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں تشدد میں اضافہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان عالمی برادری سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بے گناہ فلسطینیوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے۔
The post اسرائیلی فوجی کا مسجد الاقصیٰ پر دھاوا ،152 فلسطینی زخمی appeared first on Daily Jasarat News.
