
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عید الفطر کے بعد حقوق کراچی تحریک کو پہلے سے زیادہ تیز کیا جائے گااور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اہل کراچی کے حقوق حاصل کیے جائیں گے ،جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک ، نادراکے مسائل ،بحریہ ٹاؤن کے متاثرین کے واجبات کے لیے تاریخی جدوجہد کی اور عوام کو ریلیف دلایا، سندھ اسمبلی کے سامنے 29روز تک کراچی میں بااختیار شہری حکومت کے لیے تاریخی اور کامیاب دھرنا دیا ۔ملک اور قوم کی حقیقی آزادی کے لیے ضروری ہے کہ وڈیروں اور جاگیرداروں اورامریکا کے غلاموں سے نجات حاصل کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت فاروق اعظم مسجد نزدK 2 اسٹاپ نارتھ ناظم آباد میں عوامی دعوت افطار سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز حافظ سلطان انصاری کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ حبیب حنفی نے نعت رسول مقبول ؐ کانذرانہ پیش کیا،دعوت افطار سے امیرجماعت اسلامی ضلع وسطی وجیہ حسن ،سیکرٹری اویس یاسین و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی طویل عرصے سے ظلم اور ناانصافی کے خلاف تحریک چلارہی ہے ،ہم نے کراچی کے عوام کی حقیقی نمائندگی کی ہے اور عوام کو بھی امید اور حوصلہ ملا ہے کہ جماعت اسلامی اہل کراچی کے مسائل حل کرے گی ، حقوق کراچی تحریک جاری رکھیں گے اور گلی محلے کی سطح تک تحریک کو منظم کریں گے ۔اس لیے کہ کراچی کے عوام کے لیے ضروری ہے کہ اسے اون کیا جائے اور اس شہر کو اپنا شہر سمجھا جائے ،حکمران پارٹیوں نے ہمیشہ کراچی کو نظر انداز کیا ہے اور کراچی کا حق مارا ہے ،بدقسمتی سے کراچی کے لوگوں نے جن پارٹیوں کو ووٹ دیے ان سب نے عوا م کو بری طرح مایوس کیا ، کراچی میں آج بھی بجلی ، پانی ٹرانسپورٹ سمیت دیگر مسائل بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں ،شہر کی حالت ابتر ہورہی ہے اور حکمران پارٹیاں صرف اور صرف اقتدار کے تحفظ کی جنگ میں مصروف ہیں ، کراچی کے مسائل کا حل کسی کی بھی ترجیحات میں نہیں ہے ،کے فور منصوبہ سب کے لیے ہے ، 17سال ہوگئے یہ مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہا ،ان 17سال میں کراچی کے عوام کے لیے پانی کی ایک بوند میں بھی اضافہ نہیں کیا۔انہوں نے مزیدکہا کہ تینوں حکمران پارٹیوں،پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔جو جماعت بھی آئی اس نے کراچی کو ہمیشہ نظر انداز کیا۔ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے مل کر 2017ء کی جعلی مردم شماری کی منظوری دی اور کوٹا سسٹم میں غیر معینہ مدت تک توسیع کر کے کراچی کی حق تلفی اور مزید ظلم کا راستہ ہموار کیا۔کراچی سے ووٹ لینے والوں نے کراچی کے لیے عملاًکچھ نہیں کیا،عوامی مینڈیٹ کا سودا کیا گیا اور ایک بار پھر اہل کراچی کو دھوکا دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اہل سیاست نے ہی سیاست کو بد نام کر دیا ہے، گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے پوری قوم کو میوزیکل چیئر کے گیم اورسیاسی کھیل تماشے میں لگا رکھا ہے۔ حکمرانوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے اقتدار کی ہی فکر کی ہے، حکومتیں اور حکمران پارٹیاں تو بدلتی رہتی ہیں لیکن مجبور اور مظلوم عوام کے حالات نہیں بدلتے۔سید وجیہ حسن نے کہا کہ ماہ رمضان کی ساعتیں اس بات کی خوشخبری ہیں کہ ہم اپنے آپ کو جہنم کی ہولناکیوں سے بچا سکیں۔ ماہ رمضان بارش کی طرح ہے جو اپنی رحمتیں لے کر ہم پر برستا ہے۔ ماہ رمضان انفرادی عبادات اور اجتماعی جدوجہد کا درس دیتا ہے، ماہ مبارک میں توبہ و استغفار کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ اپنے رب اور قرآن سے تعلق کو مضبوط بنائیں۔


