اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ یوٹرن ماسٹر عمران خان نے امریکا پر مسلسل تنقید کے بعد ’امریکا کے خلاف نہیں ہوں‘ کا بیان دیکر ایک اور یوٹرن لیا ہے، وہ وقت دور نہیں جب عمران خان مبینہ خط کے معاملے پر بھی یوٹرن لیں گے۔ عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں انہوں نے کہا ہے کہ این آر او نہیں دوں گا کے بیانات دینے والے عمران خان اب ہر جلسے میں این آر او مانگنے پر مجبور ہیں۔ عمران خان کی چیخ و پکار اور روتے رہنا مقدر ہے۔ نیر بخاری نے مزید کیا ہے کہ عمران خان خود کو فارن فنڈنگ کیس میں نااہل ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں اسلیے الیکشن کمیشن کو بھی متنازع بنانے کی کوشش کی جا ری ہے۔ تحریک انصاف نے اپنے دور حکومت کے دوران فارن فنڈنگ کیس کے معاملے پر الیکشن کمیشن پر مسلسل دباؤ ڈالا فارن فنڈنگ تحریک انصاف کے خلاف ایک مضبوط کیس اور بہت بڑا اسکینڈل ہے۔ نیر بخاری نے مزید کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آزاد صاف شفاف انتخابات کرانے کا خود مختار آئینی ادارہ ہے پیپلزپارٹی آزاد اور خود مختار ادارے الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑی ہے۔


