کوٹری( جسارت نیوز )ورلڈ بیس بال کلاسک کے تجربہ کار امریکی بیس بال کوچ آئندہ ماہ پاکستان پہنچیں گے۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے امریکی بیس بال کوچ رینڈل آرمز کے ساتھ معاملات طے پانے کی تصدیق کردی۔ فیڈریشن کے میڈیا مینجرپرویز احمد شیخ کے مطابق رینڈل آرمز امریکی ورلڈ بیس بال کلاسک کے ساتھ کام کرچکے ہیں اور وہ فی الحال ایک ماہ کے لیئے پاکستان آئیں گے جہاں وہ 14 ویں سائوتھ ایشین گیمز کے لیے لگنے والے پاکستان بیس بال ٹیم کے تربیت کیمپ میں کوچنگ کریں گے۔کیمپ سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے سید فخر علی شاہ کا کہنا ہے کہ مئی کے دوسرے ہفتے سے کیمپ کا آغاز کرنے کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ سے بات چیت ہورہی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان فیڈریشن بیس بال نے میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کو فروری میں اس ضمن میں لیٹر بھیج دیا تھا اور خاطرخواہ جواب نہ ملنے پر یاد دہانی بھی کرائی تھی۔
