اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ صدر مملکت کا عہدہ آئینی منصب ہے، سیاسی نہیں، ملک آئین کے مطابق چلنا ہے، عمران نیازی کے حکم پر نہیں۔ڈاکٹر عارف علوی صدر بنیں، ذاتی غلام نہ بنیں؛ اگر صدر کے عہدے کا خیال نہیں ہے تو استعفی دیں۔
آئین پر عمل کا وقت آتے ہی صدر، گورنر اور پوری پی ٹی آئی بیمار پڑ جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار رانا ثناء اللہ خان نے ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے بعد لاہورہائیکورٹ کے حکم کی مسلسل توہین کی جارہی ہے،21 دن سے پنجاب کسی وزیراعلی اور کابینہ کے بغیر چلایاجا رہا ہے۔
پی ٹی آئی کے لوگ نہیں چاہتے کہ اہل لوگ آکر ملک کی سب سے بڑی آبادی والے صوبے میں خدمت کا عمل شروع کریں۔صدر آئین پر عمل کرے، فوری نامزدگی کریں۔
