کراچی:امیرالمومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت ہفتہ 21 رمضان المبارک کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
یوم علی رضی اللہ عنہ کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا،مرکزی مجلس عزا سے مولانا محمد امین شہیدی نے خطاب کیا جس کے بعد یوم حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے شروع ہو کر سر شاہ نواز بھٹو روڈ، ایم اے جناح روڈ، مینسفیلڈ اسٹریٹ، صدر دواخانہ، پریڈی سٹریٹ، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، بمبئی بازار، کھارادر اور نواب محبت خانجی سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیرہوا۔امام بارگاہ علی رضا کے سامنے ایم اے جناح روڈ پر نماز ظہرمولانا سید احمد اقبال رضوی کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
بعد ازاں مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستے صدر، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک سے تبت سینٹر اور جامع کلاتھ، سٹی کورٹ، ڈینسو ہال، لائٹ ہاوس اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔دوسری جانب یوم حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی مناسبت سے جلوس، مجالس، سیمینارز اور کانفرنسز کا سلسلہ اٹھارہ رمضان کی شب سے جاری ہے، جس میں علمائے کرام اور ذاکرین عظام حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے فضائل و مناقب بیان کیے۔
مرکزی جلوس کے روٹ پر ایمبولینس مجوزہ پوائنٹس پر تعینات کی گئیں جبکہ روٹ کی اطراف کی سڑکیں بند کرکے جلوس کا روٹ مکمل سیل رکھا گیا تھا، جلوس میں داخلے کیلئے مخصوص راستے بنائے گئےتھے جہاں شرکا کو جامعہ تلاشی کے بعد ہی جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی، جلوس کے روٹس کی سرچ اور سوئپنگ کے علاوہ جلوسوں کی کڑی نگرانی اور حفاظتی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا تھا، نشتر پارک اور مرکزی جلوس کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگائے گئے تھے۔جلوس کی گزر گاہ پر سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات تھے۔
