اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے سیالکوٹ میں آگ لگنے سے گندم کی تیار فصل کی تباہی سے متاثرہ کسانوں کی مالی امداد کا حکم دے دیا وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو ہدایت کہ جن کسانوں کی فصل جل گئی ہے، انہیں فوری امدادی چیک دئیے جائیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے 90ہزار کلوگرام گندم جل کر راکھ ہونے پر کسانوں کی فوری مالی مدد کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبار ک ہے، مشکل وقت میں کسانوں کی بھرپور مدد کی جائے۔
واضح رہے کہ بیلہ پل باجواں، بجوت سیکٹر میں رواں ماہ 23اپریل کو گندم کی تیار فصل کو آگ لگ گئی تھی آگ سے 77ایکڑ رقبہ متاثرہواتھا، 76 ایکڑ میں گندم کی فصل کٹائی کے لئے تیار حالت میں تھی۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق 15کاشتکاروں کی تیارگندم جل گئی تھی، تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ کٹائی مشین میں فنی خرابی سے آگ لگی مشین کے قریب ہی ذخیرہ کردہ 80لیٹر ڈیزل کے آگ پکڑنے سے حادثے کا دائرہ پھیل گیا تھا،فاصلہ زیادہ ہونے کی بناپر فائر بریگیڈ کو پہنچنے میں وقت لگا،سرکاری رپورٹفائر بریگیڈ نے 32کلومیٹر کا فاصلہ 25منٹ میں طے کیا، ڈی سی سیالکوٹ کو پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ فائربریگیڈ کی کوششوں سے آگ کو 135ایکڑ میں پھیلنے سے روکاگیا ۔
