English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان میں انصاف بڑی بولی دینے والے کیلئے بک رہا ہے،جسٹس فائز

القمر

اسلام آباد (صباح نیوز)عدالت عظمیٰ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انصاف بڑی بولی دینے والے کے لیے بک رہا ہے ۔پیر کو عدالت عظمیٰ میں غیرت کے نام پر قتل کے ملزم جناب عالی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے مقدمے میں ناقص تفتیش ہونے پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن مردان کو طلب کرتے ہوئے کیس کا تمام ریکارڈ بھی پیش کرنے کا حکم دیا ۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پوچھا کہ ملزم کے خلاف کیا شواہد ہیں؟۔تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ ملزم کے خلاف دوسرے ملزم محمد علی کی کال ریکارڈنگ کا ڈیٹا ہے۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پوچھا کہ کیا مبینہ کال ریکارڈ کا ڈیٹا اور گواہ خاتون کا بیان کیا گیا؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ خاتون گواہ بیان دینا نہیں چاہتی۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ کیس میں مرکزی گواہ کا بیان ہی نہیں ریکارڈ کیا گیا، ایسی ناقص تفتیش کرنے والے افسران کو معطل کرنا چاہیے، پولیس فورس کو تنخواہ تفتیش کرنے کے لیے دی جاتی ہے، کوئی گواہ بیان ریکارڈ نہ کرائے تو اس کو گرفتار کیوں نہیں کیا؟ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ پاکستان میں انصاف بڑی بولی دینے والے کے لیے بک رہا ہے، کرپشن پر پولیس کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کیا ملک میں خاتون کے قتل کی کوئی اہمیت نہیں ؟ پولیس والے کہتے ہیں قتل کردو کیس ہم خراب کردیں گے۔دوران سماعت جسٹس قاضی عیسیٰ اور ملزم کے وکیل کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا ۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ملزم کا نام پوچھا تو وکیل نے جواب دیا کہ جناب عالی جناب۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آپ نے کیا جناب عالی جناب لگا رکھی ہے ،ملزم کا نام کیوں نہیں بتا رہے۔ وکیل نے جواب دیا کہ جناب عالی ملزم کا نام ہی بتا رہا ہوں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت15 روزکے لیے ملتوی کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے