ریاض،مکہ مکرمہ (اے پی پی،صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہی محل میں ہونے والی ملاقات کے دوران عالمی اور علاقائی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سرکاری خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ، اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط
بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف کا رائل پیلس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا جہاں وزیر اعظم کو شاہی اسکواڈ میں پیلس پہنچایا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا رائل پیلس پہنچنے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے خود استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز کو گارڈ آٖف آنر بھی پیش کیا گیا۔اس مو قع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے اپنے وفد کے ارکان کا تعارف کرایا، وزیرخارجہ بلاول زرداری، وزیردفاع خواجہ آصف ،وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب ملاقات میں شریک تھے۔شہباز شریف نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کی، ہمیشہ برادر اسلامی ملک کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف سے گورنرمکہ شہزادہ خالدبن فیصل کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں پاک سعودی عرب تعلقات اوردوطرفہ باہمی امور پر گفتگوکی گئی۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل حمایت پرسعودی عرب کے تہہ دل سے ممنون ہیں، پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کیساتھ کھڑاہے اور سعودی بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔علاوہ ازیںوزیرِ اعظم میاں محمدشہباز شریف نے پاکستانی وفد کے ساتھعمرہ ادا کیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کے لیے کعبہ شریف کے دروازے کھولے گئے۔ عمرے کی ادائیگی کے دوران وزیرِ اعظم نے زیارتِ خاص کے بعد حجرِ اسود کو بوسہ دیا اور طوافِ کعبہ کیا۔قبل ازیںوزیراعظم شہبازشریف سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امت مسلمہ کے مفادات کا فروغ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزراخارجہ کونسل کے موجودہ چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان او آئی سی کے رکن ممالک کی دلچسپی اور ان کی تشویش سے متعلقہ امور میں فعال کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے تنازع جموں و کشمیر پر او آئی سی کی دو ٹوک اور مسلسل حمایت پر سیکرٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تنظیم پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازع جموں و کشمیر کے پرامن اور پائیدار حل کیلیے سفارتی کوششوں کی قیادت کرے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اوآئی سے کہا کہ مسجد اقصی اور دیگر مقبوضہ فلسیطنی علاقوں میں جاری اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے مربوط کوششیں شروع کی جائیں۔
