اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما فواد حسین چوہدری نے حکومتی اعلان مسترد کرتے ہوئے دھمکی آمیز خط کی تحقیقات کیلئے آزاد جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے امریکا کو اڈے دینے پر ایبسولوٹلی ناٹ کہا، ہماری رائے ہے بحران پیدا ہونے سے پہلے انتخابات کی طرف چلے جائیں،پاکستان کے اقتدار کا فیصلہ پاکستان کے عوام نے کرنا ہے، روس، امریکا اور مغرب کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، موجودہ حکومت واشنگٹن سے مسلط کی گئی۔
سابق وزیر مملکت فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت کے ماتحت کمیشن بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے، پی ٹی آئی صرف ایک ہی کمیشن کو تسلیم کرے گی جو کہ آزاد عدلیہ کے ماتحت ہو اور اس کی کھلی سماعت ہو،
فواد چودھری کا وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہناتھا کہ مریم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بہت گھبرائی ہوئی تھیں، آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آپ اتنے غصے میں کیوں ہوتی ہیں؟ کرائم منسٹر اور ان کی کابینہ کو مشورہ ہے کہ گھبرانا نہیں، آپ کے گھبرانے کا وقت کل کے جلسے کے بعد شروع ہوگا۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے دو تہائی وزیر ضمانتوں پر ہیں، جب سے یہ حکومت آئی ہے دہشت گردی کے واقعات میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے، پاکستان کا سب سے اہم مسئلہ توانائی بحران ہے، ملک میں تین ہفتے سے توانائی کا کوئی وزیر نہیں، وزارتوں کی بندر بانٹ کی وجہ سے ملک بحران میں ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سازش وہاں سے شروع ہوئی جہاں امریکا کی اڈے لینے کی خواہش سامنے آئی، عمران خان نے امریکا کو اڈے دینے پر ایبسولوٹلی ناٹ کہا، ہماری رائے ہے بحران پیدا ہونے سے پہلے انتخابات کی طرف چلے جائیں۔
