سجاول (نمائندہ جسارت) انتظامیہ کی نااہلی اور لاپرائی کے باعث اشیاء خورو نوش کی قیمتیں خود ساختہ بڑھاکر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے۔ عیدالفطر کے بعد بھی مسلسل لوٹ کھسوٹ جاری ہے، مرغی کا گوشت 600 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے منافع خوروں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کے باعث سبزی اور دوسری کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ عوام کی جانب سے وفاقی اور صوبائی حکومت سے منافع خور بیوپاریوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ ۔ سجاول شہر سمیت پورے ضلع میں عیدالفطر کے بعد مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا کردیا گیا ہے ضلع میں مرغی فارم قائم ہونے کے باوجود منافع خور فارمر ،بیوپاریوں کی ملی بھگت اور انتظامیہ کی عدم توجہ کے سبب خود ساختہ مہنگائی کے ذریعے مرغی کا گوشت 600 روپے فی کلو تک پہنچ چکا ہے۔ سرکاری ریٹ مقرر کرنے والے شیٹ بھی دکانداروں ہٹادی ہے اور جان بوجھ کر اپنی منہ مانگی قیمت پر گوشت فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح سبزی والوں نے بھی عوام کو لوٹنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی،پیاز 80 روپے فی کلو،ٹماٹر 120 روپے فی کلو،لہسن 280 روپے فی کلو اور پکوان آئل سمیت روزمرہ کی اشیاء خورو نوش کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو سخت پریشانی میں مبتلا کردیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع سجاول کے سماجی عوامی مذہبی اور سول سوسائٹی کے حلقوں کی جانب سے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سجاول ضلع میں منافع خور بیوپاریوں کی طرف سے بڑھتی ہوئی خود ساختہ مہنگائی کو روکنے کے لیے سخت کارروائی کرکے عوام کو مزید عذاب اور پریشانی سے بچایا جائے۔
