English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت نے پھر بجلی بم گرادیا ،2.83 روپے یونٹ اضافہ

القمر

اسلام آباد(صبا ح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام پر پھر بجلی بم گرادیا۔ نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2روپے 86پیسے کا اضافہ کردیا۔نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی۔نیپرا کی جانب سے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے 86پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، اس کا اطلاق صرف مئی کے ماہ کے بلوں پر ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سی پی پی اے نے بجلی کی قیمتوں میں 3روپے 16پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔رپورٹ کے مطابق نیپرا نے سی پی پی اے کی درخواست پر27 اپریل کو سماعت کی تھی۔ اس سے قبل فروری کا ایف سی اے صارفین سے 4روپے 85پیسے چارج کیا گیا تھا، جو کہ صرف ایک مہینے کے لیے تھا۔نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ مارچ کا ایف سی اے فروری کی نسبت 1روپے 99پیسے مئی میں کم چارج کیا جائے گا۔نیپرا کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق قیمت میں اضافے سے صارفین پر 32 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ دوسری جانب نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق کراچی کے صارفین کے لیے بھی بجلی 1روپے 38 پیسے مہنگی کر دی گئی ہے، بجلی فروری کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی، اس سے صارفین پر 1 ارب 58 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، کے الیکٹرک نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 3 روپے 15 پیسے اضافہ مانگا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے