مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینی حملہ آوروں نے اسرائیل کے یوم آزادی پر کارروائی کرکے 3یہود کو ہلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور گاڑی میں فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے ۔ واقعہ جمعرات کی شب تل ابیب کے قصبے ایلاد میں پیش آیا۔ واقعے میں دیگر 4افراد زخمی بھی ہوئے۔ سیکورٹی فورسز نے مفرور حملہ آور وں کی تلاش کے لیے کئی مقامات کی ناکا بندی کردی ہے۔ حکام کے مطابق سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں اور تلاشی مہم کے لیے ایک ہیلی کاپٹر بھی گشت کر رہا ہے۔ایلاد قصبے کی آبادی 50ہزار ہے اور وہاں بیشتر قدامت پسند یہودی آباد ہیں۔ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا کہ جب اسرائیل اپنا یوم آزادی منا رہا تھا۔ دوسری جانب اسرائیلی سپریم کورٹ نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوب میں الخلیل کے جنوب مشرق میں واقع مسافر یطا کے علاقے میں 8 دیہات کے مکینوں کو بے دخل کرنے کی توثیق کر دی ۔ اسرائیلی عدالت کا دعویٰ ہے کہ جن علاقوں سے فلسطینیوں کی بے دخلی کا اعلان کیا گیا ہے وہ اسرائیلی فوج کی تربیت کے لیے استعمال ہونے والے علاقے ہیں۔ عبرانی اخبار ہارٹزکے مطابق عدالت 20برس سے اس حولاے سے کارروائی جاری تھی،جس کے بعد عدالت نے دیہات کے مکینوں کی طرف سے جمع کرائی گئی درخواستوں کو مسترد کر دیا اور قابض فوج کے موقف کو قبول کرلیا۔ عدالتی حکم کے بعد ایک ہزار سے زائد فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کردیا جائے گا۔
