ہنگورجہ (نمائندہ جسارت) ناصر شاہ کالونی میں ڈی آئی جی پولیس سکھر کے کمپلین سیل کی انچارج لیڈی پولیس انسپکٹر ذوالیخان انصاری کو اپنے گھرمیں مبینہ طورپر شوہر نے پسٹل کے فائر کرکے شدید زخمی کردیا جو مقامی اسپتال منتقل کرنے کے دوران راستے میں زخموں کے تاب نہ لاکر جاں بحق ہوگئی پولیس نے مقتولہ کے شوہر جاوید منگنیجو کو پسٹل سمیت گرفتار کر لیا، مقدمہ درج، اطلاع ملنے پر ایس ایس پی خیرپور جائے وقوع پر پہنچ کر معلومات حاصل کر لی۔ اس موقع پر ایس پی کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی نہیں بخشا جائے گا،مقتولہ کے شوہر نے پولیس کے سامنے ابتدائی طور پر قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔ ذلیخان انصاری سے گھر میں تلخ کلامی ہونے پر اس کوقتل کیا ہے، جاویدمنگنیجو۔ تفصیلات کے مطابق ناصرشاہ کالونی میں ڈی آئی جی پولیس سکھر کے کمپلین سیل کی انچارج لیڈی پولیس انسپکٹر ذوالیخان انصاری کو اپنے گھرمیں شوہرجاویدمنگنیجو نے پسٹل کے فائر کرکے زخمی کردیا جو ابتدائی علاج کے لیے مقامی اسپتال منتقل کرنے کے دوران راستے میں زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی لاش رورل ہیلتھ سینٹر سے پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ اطلاع ملنے پر ایس ایس پی خیرپور ملک ظفراقبال جائے وقوع پر پہنچ کر معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لیڈی پولیس انسپکٹرذوالیخان انصاری کے خون سے انصاف ہوگا جبکہ مختلف تھانوں ہنگورجہ،رانی پور،گمبٹ، سوبھو ڈیروکی پولیس نے چھاپے مارکر مقتولہ ذوالیخان انصاری کے شوہرجاوید منگنیجو کو پسٹل سمیت گرفتار کر لیا۔ جاوید منگنیجو نے ابتدائی تفتیش کے دوران لیڈی پولیس انسپکٹرذوالیخان انصاری کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گھرمیں تلخ کلامی ہوئی جس پر اس کوگولی ماری ہے ہنگورجہ تھانے میں عبدالغفور انصاری کی مدعیت میں جاوید منگنیجو پر قتل کا مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔ جاوید منگنیجواورلیڈی پولیس انسپکٹرذوالیخان انصاری نے کچھ برس قبل پسند کی شادی کی تھی۔
