English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ملک میں ڈالر کی اونچی اڑان نے مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے، ذکر اللہ مجاہد 

القمر

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک میں ڈالر کی اونچی اڑان نے مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے۔ ڈالر کی اونچی اڑان، روپے کی بے قدری،مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا بھرکس نکال کر رکھ دیا ہے۔ سابقہ اور موجودہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں سے ڈالر 190 تک پہنچ گیا ہے۔ شہباز حکومت بھی عمران حکومت کا تسلسل ثابت ہورہی ہے۔ تبدیلی سرکار کے بعد موجودہ حکومت نے بھی مہنگائی کے ذریعے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ عوام کا معاشی قتل کرنے والے نااہل اور بددیانت حکمران اقتدار کے لڑائی میں عوام کے مسائل بھول چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقاریب میں ملک میں تیزی سے بڑھتی مہنگائی اور سیاسی عدم استحکام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ڈالر، بجلی، پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح پر ہیں جس کی وجہ سے اشیاء خردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے اور عوام کی زندگی دوبھر ہوکررہ گئی ہے۔ آٹا، چینی، گھی، دالیں سبزیاں تک عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے دیہاڑی دار مزدور اور نچلے طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ سب سے زیادہ پریشان فاقوں پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں ہوش کے ناخن لیں اور جمہوری روایات کو برقرار رکھیں۔

موجودہ حالات میں گالی گلوچ کی گندی سیاست کو پروان چڑھایا جارہا ہے جو قوم پہلے ہی گرو بندی،فرقہ پرستی اور مختلف خانوں میں تقسیم ہے اس کو موجود ہ سیاستدان تشدد اور انارکی طرف اکسا رہے ہیں جو قابل مذمت اور تشویشناک ہے۔گالی گلوچ اور مفادپرستی کی سیاست ملک و قوم کیلئے زہر قاتل ہے۔ عوام مہنگائی کے ہاتھوں مجبورفاقوں پر مجبور جبکہ حکمرانوں نعروں تک محدودہیں۔

میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ سود ی نظام کے خاتمے کے بعد ہی روپے کی قدر میں اضافہ اور ملکی معیشت میں استحکام پیدا ہوگا موجودہ معاشی نظام سے مہنگائی، بے روزگاری سمیت دیگر مسائل حل نہیں کیا سکتا ۔ جب تک قرآن و سنت کا نظام رائج نہیں ہوگا اس وقت تک مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھتے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے