ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

منی لانڈرنگ کیس : وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب پر فرد جرم عاید نہ ہوسکی

لاہور (نمائندہ جسارت) اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت نے وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف دائر منی لانڈرنگ ریفرنس میں ان دونوں کی عبوری ضمانت میں 21 مئی تک توسیع کردی اور وزیراعظم کی ایک روز کے لیے حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی۔ گزشتہ روز عدالت نے دونوں ملزمان پر فرد جرم عاید کرنی تھی لیکن وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عدالت میں حاضری استثنا کی درخواست دائر ہونے سے دونوں باپ بیٹے پر فرد جرم عاید نہ ہوسکی۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل شہباز شریف کینسر کے مریض ہیں،ان کا کافی عرصے سے طبی معائنہ بھی نہیں ہوا‘ شہباز شریف نے 13مئی کو وطن واپس آنا تھا تاہم کنسلٹنٹ نے میڈیکل چیک اپ کے لیے ہفتے کی دوپہر ساڑھے 12 بجے کا وقت دیا‘ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے صدر کے انتقال پر تعزیت کے لیے ابوظبی بھی جانا ہے اس لیے تمام شیڈول بدلنا پڑا، استدعا ہے ایک روز کے لیے حاضری سے استثنا دیا جائے۔ ایف آئی اے کے وکیل فاروق باجوہ نے کہا کہ میڈیکل گرائونڈ پر شہباز شریف کی حاضری سے استثناکی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں ۔ شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ ایف آئی اے کے ریکارڈ اور چالان میں حقائق نہیں لیکن خواہشات ضرور ہیں، سابق حکومت کے کہنے پر ایف آئی اے نے بے بنیاد اور جھوٹا کیس بنایا۔ قبل ازیں ایف آئی اے نے بینکنگ کورٹ میں چالان پیش نہیں کیا جب خطرہ ہوا کہ عدالت کارروائی کرے گی تو عبوری چالان جمع کرا دیا گیا۔ دریں اثنا ایف آئی اے کے وکیل نے کیس کی تیاری کے لیے عدالت سے مہلت طلب کرلی۔ خصوصی عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے وزیر اعظم اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 21 مئی تک توسیع کر دی۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کی آشیانہ ہائوسنگ کیس میں بھی حاضری سے استثنا کی درخواست پیش کی گئی اور سماعت21 مئی تک ملتوی کردی گئی ۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ لندن میں ملک و قوم کے لیے اچھے فیصلے ہو رہے ہیں‘ میں نے کمر کس لی ہے‘ میں خود ہر جگہ جائوں گا‘ مہنگائی کے خلاف جہاد کرکے عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف دینے کی کوشش کریں گے‘ عمران خان کسی غلط فہمی میں ہیں کہ وہ ہمیں دبائو میں لے آئیں گے ‘ عمران نیازی آئین اور عدالت کے فیصلوں کو نہیں مانتے اور اداروں کا مذاق اڑاتے ہیں‘ مسلم لیگ (ن) آپ کی طرح انتقام تو نہیں لے گی لیکن قانون کو حرکت میں لا کر آپ کو قانون کا احترام سکھائے گی ۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ تم نے اپوزیشن رہنمائوںکو ناحق جیل میں ڈالا تھا‘ تمہارے خلاف تو باقاعدہ ثبوت موجود ہیں جب قانون حرکت میں آئے گا تو تمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی‘ لوڈشیڈنگ کو مکمل کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘ لوڈشیڈنگ کے جن کو ہم نے بوتل میں بند کر دیا تھا لیکن سابق حکومت کی نااہلی سامنے آ رہی ہے‘ دن رات کام کر کے ان مسائل سے چھٹکارا پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روزانتظامیہ نے3 گھنٹے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کیے کیونکہ سیالکوٹ میں جلسے کے مقام پر مسیحی برادری کو تحفظات تھے‘ عمران نیازی ملک میں خون خرابہ چاہتا ہے ،اس نے تماشا لگانا ہے تو لگائے لیکن قانون کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں ملے گی۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں