اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت معاشی ترقی کے لیے پائیدار اصلاحاتی اقدامات پر کام کر رہی ہے، اے ڈی بی اصلاحاتی ایجنڈے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے ہمیشہ بہترین معاون رہا ہے، ترجیحی شعبوں میں اصلاحات کے لیے اے ڈی بی ہمیشہ ترقیاتی پارٹنر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر وان فارسان بن وان سلیمان اور نور احمد سے گفتگو کرتے ہوے کیا، جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میںاے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر، سیکرٹری خزانہ اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اے ڈی بی نے توانائی، تعلیم، مالیاتی اور قرض کے انتظام اور سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیر خزانہ نے موجودہ حکومت کو ورثے میں ملنے والے معاشی چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔ مفتاح اسماعیل نے ان اقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے میں مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے اے ڈی بی کے انفرا اسٹرکچر، سماجی اور مالیاتی شعبوں میں اصلاحات کے لیے تعاون کا عزم دہرایا۔اس موقع پر اے ڈی بی حکام نے اصلاحاتی پروگراموں اور ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے مالیاتی انتظام، مسابقت بڑھانے اور نجی شعبے کی ترقی کے لیے تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
