اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فتنہ ٹولے کے شر سے عوام کو محفوظ رکھیں گے‘ ریڈ لائن متعین کر دی‘ لانگ مارچ کو ہر قیمت پر روکیںگے‘ ریاست کی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیںکیا جائے گا‘ عمران خان پختونخوا اور اسلام آباد پولیس کا تصادم چاہتے ہیں‘ کانسٹیبل کی شہادت پر پی ٹی آئی نے مذمت تک نہیں کی۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ان کے پاس انٹیلی جنس رپورٹ ہے کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے شرکا مسلح لوگ ہیں ‘ ان کے پاس ہتھیار ہیں‘ انہیں احتجاج کی کیسے اجازت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی پاکستان ترقی کر رہا تھا کہ عمران خان نے126 دن تک اسلام آباد کو قبضے میں لیے رکھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ وہ اب کس بات کے لیے دھرنا دے رہے ہیں؟ انہوں نے عمران حکومت پر مہنگائی میں اضافے اور معاشی زوال کا الزام عاید کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ اپنے نااہلی پر ہی دھرنا دے رہے ہیں‘ جو مارچ شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرہ ہو‘ اس کی آئین اجازت نہیں دیتا‘ اگر ان کا کام فتنہ پھیلانا نہ ہوتا تو یہ پشاور سے نہ نکلتے۔ یہ وہاں کے وسائل استعمال کرنا چاہتے ہیں تاکہ خیبر پختونخوا کی پولیس اور لوگ اسلام آباد کی پولیس سے متصادم ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کرانے کا فیصلہ حکومت کرے گی‘ یہ الیکشن کے لیے نہیں شہباز شریف کے خوف سے احتجاج کر رہے ہیں، انہیں ڈر ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری ختم ہو گئی اور معیشت ٹھیک ہو گئی تو کیا ہوگا‘ عمران خان جان بوجھ کر اداروں کو سیاست میں گھسیٹ رہے ہیں‘ لاہور میں کانسٹیبل کی شہادت پر پی ٹی آئی نے مذمت تک نہیں کی‘ ایک شخص فتنہ، فساد، انتشار اور افراتفری پھیلانے کے اعلانات کر رہا ہے‘ سجاد بخاری پی ٹی آئی کے عہدیدار ہیں ان کے گھر سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ ہوئی۔
