English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تحریک انصاف کا نمائش چورنگی پر دھرنا:  اطراف کی سڑکیں رکاوٹیں لگا کر بند کردی گئیں

القمر

کراچی: پولیس نے اسلام آباد لاہور کے بعد کراچی میں بھی ایکشن لیتے ہوئے حقیقی آزادی لانگ مارچ کیلئے نمائش چورنگی پر احتجاج میں شامل خواتین کو بچوں سمیت گرفتار کرلیا۔نمائش چورنگی پر ممکنہ دھرنے کے باعث ایم اے جناح روڈ اور نمائش چورنگی کے اطراف کی سڑکیں رکاوٹیں لگا کر بند کردی گئیں۔تفصیلات کے مطابق حقیقی آزادی لانگ مارچ کیلئے کراچی میں تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج میں شرکت کے لیے پی ٹی آئی کارکنان نمائش چورنگی پہنچے، جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

پولیس نے کراچی میں نمائش چورنگی پر گرفتاریاں شروع کردیں اور کارروائی کرتے ہوئے خواتین کوبچوں سمیت گرفتار کرلیا۔حقیقی آزادی لانگ مارچ کے موقع پر نمائش چورنگی کے اطراف رکاوٹیں لگا کر راستے بند کردیے گئے۔ تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر عمران اسماعیل نے نمائش چورنگی پر کارکنان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پرچم اٹھائے ایک معذور بزرگ خاتون کو گرفتار کیا گیا،ہمارے کارکنان پرامن احتجاج کرنے جمع ہورہے ہیں۔عمران اسماعیل نے کہاکہ سندھ پولیس پیپلزپارٹی اتناظلم کرے جتنا کل برداشت کرسکے، امپورٹڈ حکومت اور ان کے حواری بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، کارکنان کو پرامن رہنے دیا جائے، وزیراعلی ہائوس بھی دور نہیں۔دوسری جانب پولیس حکام نے کہا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی ہوگی۔

دریں اثناء نمائش چورنگی پر ممکنہ دھرنے کے باعث ایم اے جناح روڈ اور نمائش چورنگی کے اطراف کی سڑکیں رکاوٹیں لگا کر بند کردی گئیں۔لائنز ایریا سے نمائش آنے والا نظامی روڈ بھی واٹر ٹینکرز لگا کر ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا،کوریڈور تھری سے مزار قائد جانے والا راستہ بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔کوریڈور تھری کو ٹینکر لگا کر بند کیا گیاجس کے سبب پیپلز چورنگی سے پارکنگ پلازہ آنے اور جانے والی سڑک بھی بندکردی گئی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق سڑک کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند کیا گیا ہے اس کے علاوہ کوریڈور تھری پر خداداد کالونی کٹ بھی ٹریفک کے لیے بندکردیا گیا، کوریڈور تھری سے مزار قائد کی پارکنگ جانے والا کٹ بھی بندکردیاگیا۔ پولیس کی طرف سے کوریڈور بند کیے جانے کی پیشگی اطلاع نہ دیئے جانے کے سبب دفاتر جانے والے افراد کو سخت پریشانی اور ٹریفک جام کا سامنا کرناپڑا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے