سکھر(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سکھر کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے اور مہنگائی کیخلاف صوبائی رہنما مولاناحزب اللہ جکھرواور امیر ضلع سکھر ایڈووکیٹ سلطان احمد لاشاری کی قیادت میں نمائش چوک سکھر میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حزب اللہ جکھرو، سلطان احمد لاشاری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کر کے مہنگائی کو مزید بڑھاوا دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے مہنگائی کا ایک بڑا طوفان آئے گا جو غریبوں کو بہا لے جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی تلے پس رہے ہیں ، اب مزید اضافہ سے غربت کی لکیر کے نیچے گزر بسر کرنے والوںکی تعداد میں اضافہ گا، لوگوں کوگھرچلانا مشکل ہو چکا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط کی تکمیل میں غریب کے منہ کا نوالا تک چھینا جا رہا ہے، چولہے ٹھنڈے کر دیے گئے ہیں، دوسری جانب ملکی قرضوں، بیروزگاری میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی ملکی مسائل اور عوامی مشکلات کا ادراک اور احساس رکھتی ہے، جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت ملکی مسائل کو حل کرے گی ، عوام جماعت اسلامی کاساتھ دیں۔اس موقع پر جے آئی یوتھ کے عبدالحمید تنیو بھی موجو د تھے۔
