چار سدہ( مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اس بار شریف مافیا بچے گا نہ تشدد کرنیوالے پولیس اہلکار بچیں گے،ہم سپریم کورٹ سے کہیں گے پرامن احتجاج کا حق دیا جائے، ہمیں حق نہیں دیا گیا تو حق چھینیں گے۔ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چارسدہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہاکہ امریکیوں کی امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط کی گئی ہے اور ہم کسی صورت ان چوروں اور امریکیوں کے غلاموں کو قبول نہیں کریں گے، ہم ان چوروں کے خلاف حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے نکلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک زندہ ہوں اپنی جدوجہد اور جہاد ان چوروں کے خلاف ختم نہیں کروں گا۔ ان کا کہنا تھاکہ اب ہم ایک ایک چیز کی تیاری کریں گے، سپریم کورٹ نے کہہ دیا تھا کہ ہم جمہوری پر امن احتجاج کریں، شہبازشریف، حمزہ اور رانا ثنا سن لو ہم عدالتوں میں جائیں گے اور تم پرکیس کریں گے، مرد پولیس والوں نے گھروں میں جاکر عورتوں کو پکڑا۔انہوں نے کہا کہ وہ شیل استعمال کیے جو کسی ملک میں شہریوں کے خلاف استعمال نہیں ہوتے، ہم سپریم کورٹ سے کہیں گے پرامن احتجاج کا حق دیا جائے، ہمیں حق نہ دیا گیا تو چھینیں گے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھاکہ حکومت نے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں بڑھائیں، آئی ایم ایف پر امریکاکاکنٹرول ہے اور انہوں نے آئی ایم ایف کے کہنے پر پیٹرول کی قیمتیں بڑھائیں، بھارت آزاد ہے اور یہ غلام ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ایک تصویر آئی ہے کہ ایک پاکستانی وفد پہلی بار اسرائیل گیا، یہ لوگ بھارت سے سمجھوتا کرکے کشمیریوں کو بیچیں گے، یہ اسرائیل کو تسلیم کرنے جا رہے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو ہمیں غلام بنانے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم حقیقی آزادی کی جدوجہد کو جہاد سمجھتے ہیں، باوجود کہ انہوں نے آنسو گیس کے 35 ہزار شیل چلائے لیکن عورتیں اور بچے نکلے، ان کو پتا چل جانا چاہیے یہ وہ قوم نہیں جو آنسو گیس سے ڈر جائے گی۔عمران خان نے دھکمی دی کہ ’ہم سب نے دیکھ لیا، کدھر کہاں رکاوٹ ہے، کس نے آنسو گیس فائر کیا، کون ظالم تھے اور کونسے پولیس افسر، وہ جو سی سی پی او، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، پنڈی، آئی جی پنجاب آئی جی اسلام آباد مجرم ہیں، جس نے تشدد کیا، ایک ایک کی تصویر میری آنکھوں کے سامنے ہے، تمہیں نہیں چھوڑیں گے، تمہارا وقت آئے گا۔انہوں نے کہا کہ نہ یہ شریف مافیا بچے گا نہ تشدد کرنیوالے پولیس والے بچیں گے۔
