اسلام آباد: بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے پیغمبراسلام ﷺ کی شان میں گستاخانہ بیان پر بھارتی ناظم الامورکودفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے بیان میں کہا کہ پیغمبراسلام ﷺ کی شان میں گستاخی پر بھارتی ناظم الامورکو طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا اور انہیں بتایا گیا کہ بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیان سے امت مسلمہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی ناظم الامورکو بتایا گیا کہ توہین آمیز بیانات سے نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ بھارتی حکومت ان رہنماؤں کے خلاف فیصلہ کن اور قابل عمل کارروائی کرے۔
دفترخارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف فرقہ وارانہ تشدد اورنفرت میں خطرناک حد تک اضافے پرتشویش ہے۔مسلمانوں کے خلاف جذبات بھڑکانا ان کو صدیوں پرانی عبادت گاہوں سے محروم کرنے کی کوشش ہے۔ بھارت اقلیتوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کے لئے فوری اقدامات کرے۔
پاکستان نے اقوام متحدہ ، او آئی سی اورعالمی برادری سے بھارت میں خطرناک حد تک بڑھتے ہوئے ہندوتوا اوراسلاموفوبیا کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔