اسلام آباد: وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران خان چاہتے ہیں عدالتیں مولوی تمیز الدین اور ذوالفقار علی بھٹو کیس جیسے فیصلے دیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے امریکا میں لابنگ کے لیے جس شخص ڈیوڈ فینٹن کو ہائر کیا ہے وہ پاکستان سمیت تمام ممالک کے نیوکلیئر اثاثوں کے خلاف ہے اور وہ شخص پی ٹی آئی کا مقدمہ لڑے گا۔
انہوں نے سوال کیا کہ عمران خان آج قوم کو بتائیں نو نیوکلیئر پروگرام کہنے والا لابنگ کے لیے کیوں ہائر کیا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا نظام سب کے لیے برابر ہونا چاہیے جبکہ کمزور اور طاقتور کے لیے ایک نظام ہو۔ ایسا نظام نہ ہو کہ مریم نواز کو 45 دن کا ریمانڈ دیا جائے لیکن غداری کے ملزم اور اداروں پر تنقید کرنے والے کا صرف 2 دن کا ریمانڈ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر ہٹانے کی سزا دی گئی لیکن ایک لیڈر نے ملک ریاض سے ساڑھے400 کینال زمین لی اور فائدہ پہنچایا، شاہد خاقان کا 90 دن کا ریمانڈ دیا گیا لیکن عمران خان سے حساب نہیں مانگا جاسکتا۔
مصدق ملک نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ ان سے فارن فنڈنگ سےمتعلق پوچھا بھی نہ جائے۔ مریم نواز کو تحقیقات کے مرحلے پر گرفتار کیا گیا لیکن عمران خان تو عدالتوں میں جا رہے ہیں کہ تحقیقات نہ کریں۔