روٹر ڈیم : پاکستان اور نیڈرلینڈ کے مابین 3 ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل نیدرلینڈز کے شہر روٹر ڈیم میں کھیلا جائیگاجبکہ دوسرا میچ 18اگست اور آخری میچ 21اگست کو کھیلا جائے گا۔ تین ون ڈے میچز آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے بعد قومی ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات چلی جائے گی۔
دوسری جانب میزبان ٹیم رواں سال کوئی میچ نہیں جیت پائی، دوسرے انگلش سیزن میں مصروف کنٹریکٹ پلیئرز کی خدمات بھی حاصل نہیں ہیں، نیدرلینڈز کو صرف اپنے مقامی ٹیلنٹ پر ہی انحصار کرنا پڑرہا ہے،اس صورتحال میں پاکستان کیلئے تمام پوائنٹس حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے۔
گزشتہ روز پریکٹس کے دوران شاہین شاہ آفریدی کی پہلے ون ڈے کیلئے دستیابی کا امکان نہ ہونے کی وجہ سے پیس بیٹری ان خلا پرکرنے کی تیاری کرتے ہوئے کمزور حریف کو کچلنے کیلئے بیتاب نظر آئی۔
بولنگ کوچ شان ٹیٹ نے نیدرلینڈز کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے بولرز کی پرفارمنس میں بہتری لانے کیلیے کام کیا، انھوں نے نسیم شاہ، شاہنواز دھانی اور وسیم جونیئر پر خاص توجہ دی، نوبال سے گریز کیلئے بھی پیسرز کو مشورے دیئے،حارث رئوف نے برق رفتار گیندیں کرواتے ہوئے بیٹرز کو پریشان کیا، بولرز نے اچھے بائونسرز اور یارکرز سے بولنگ کوچ کو متاثر کیا۔
بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے فخرزمان، امام الحق اور عبداللہ شفیق کو تسلسل کے ساتھ نئی گیندوں پر فاسٹ بولنگ کا سامنا کروایا، مڈل آرڈر بیٹرز نے بھی پیس اور اسپن بولنگ پربھی پریکٹس کی، سابق کپتان نے پاور ہٹنگ کی بھرپور مشقیں کروائیں۔
ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کنڈیشنز کے مطابق اسپنرز کی لائن و لینتھ بہتر بنانے کیلئے سرگرم رہے، شاداب خان اور محمد نواز نے طویل سیشن کیے، سلمان علی آغا نے بھی سلوبولنگ کی اچھی مشق کرلی۔
