اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے جلال پور پیروالا انٹرچینج، موٹروے ایم 5پر مسافر بس اورآئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں 20قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔
جبکہ صدر مملکت اور وزیر اعظم نے انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جلال پور، موٹروے ایم 5 پر ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کیلئے بلندی درجات کی دعا کی ہے۔ جبکہ صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی ہے۔
صدر مملکت نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ایسے حادثات سے بچنے کے لیے موثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد اور ٹریفک قوانین کی پاسداری ایسے حادثات سے بچنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
جبکہ وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ جلال پور پیر والا انٹر چینج پر ہونے والا آئل ٹینکر کا حادثہ نہایت ہی افسوناک ہے ۔ حادثے میں 20 قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھی اور رنجیدہ ہوں۔ میری دعائیں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
جبکہ وفاقی وزیر برائے مواصلات مولانا اسعد محمود کا ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملتان ایم 5 موٹورے پر بس اور ٹینکر کے درمیان تصادم کا سن کر بے حد افسوس ہوا،متاثرہ خاندانوں سے سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، آئی جی موٹروے سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے اور آئی جی موٹروے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ مسافروں اور زخمیوں کو فوران امداد فراہم کی جائے۔
