کراچی:امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ حکومت بارش متاثرین کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے، مسلسل بارش نے عوام کو اپنے گھروں فصلوں و املاک سے محروم کردیا ہے۔پورے سندھ کو آفت زدہ قرار دیا جائے۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ سندھ کے ھر ضلعی انتظامیہ نے ایمرجنسی کا اعلان اور کروڑوں کے بجٹ تو بنالیے مگر ھر شھر بارش میں ڈوبا ہوا ہے اور متاثرین بے یارومددگار پڑے ہوئے ہیں۔ صوبائی وزرا و بیوروکریسی فوٹوسییشن سے آگے بڑہ کر مصیبت زدہ عوام کی امداد و بحالی کی لیے عملی و سنجیدہ اقدامات کرے۔
رہنما جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے باوجود حکومتی بے حسی افسوس ناک اور عوام دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔ اداروں کی کرپشن اور حکومتی نااہلی کی وجہ سے اس وقت کراچی سے کشمور تک سندھ کا ہر شہر تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ سیوریج و بارش کے پانی کا نکاس نہ ہونے کی وجہ سے پانی روڈوں گلی محلے میں تالاب اور جوھڑ کی شکل میں کھڑا ہوگیا ہے اور یہ پانی لوگوں کے گھروں دکانوں و بازاروں میں داخل ہوچکا ہے۔ جس کی وجہ اربوں کا نقصان اور غریب لوگ اپنی سال بھر کی جمع پونجی سے محروم ہوگئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سندھ نے زور دیا کہ حکومت متاثرین کا سروے کراکے لوگوں کے نقصان کا ازالہ اور بارش و سیلاب میں پھنسے اور اپنے گھروں سے محروم لوگوں کو ریسکیو کرکے سرکاری امارتوں میں منتقل کرکے بحالی کی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے۔
