ااقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں یہ عالمی برادر ی کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بڑے پیمانے پر مدد کرے۔
سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالہ سے پاکستانی عوام اور پاکستانی حکومت مجھے جوبھی ذمہ داری دیں گے میں اسے پورا کروں گا۔ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے میں پوری عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے سامنے آگاہی پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کروں گاتاکہ وہ پاکستان،پاکستانی عوام اور پاکستانی حکومت کی مدد کریں۔ اقوام متحدہ پاکستان کو اس مشکل وقت میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحولیاتی تبدیلی کا باعث بننے والے مادوں کے اخراج کو بڑے پیمانے پر کم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو یہ بھی چاہئے کہ پاکستان جیسے ممالک کی ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نکلنے میں مدد کرے۔ میری آواز پاکستانی عوام ، حکومت کے ساتھ ہے اور اقوام متحدہ کا تمام نظام اس وقت پاکستان کی مدد کررہا ہے۔ ہمارا حصہ محدود ہے لیکن ہم پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے پر عزم ہیں۔ پاکستان میرے دل میں بستا ہے کیونکہ میں نے اقوام متحدہ کے کمشنر برائے مہاجرین کے طور پر پاکستان کے ساتھ مل کر بہت کام کیا ہے۔
