کراچی:صوبائی وزیر سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران خان پر آئین پاکستان توڑنے پر غداری کا مقدمہ ہونا چاہیے۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کراچی ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایسا لاڈلا ہے کہ یہ ملکی مفادات کے خلاف بات کرے تو اس سے کوئی نہیں پوچھتا، عمران خان پر آئین پاکستان توڑنے پر غداری کا مقدمہ ہونا چاہیے، عمران خان اس قابل نہیں ہیں کہ وہ اپنا سیاست کو آگے چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ کون نہیں جانتا کہ 2018 میں عمران خان کو زبردستی جیتوایا گیا، ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ اسٹیبلشمنٹ ہمیں الیکشن جتوائے نہ ہم نے عدالتوں سے اپنی مرضی کے فیصلے لینے ہیں، عمران خان کو جیل میں ڈال کر اس کی رات کی دوائی بند کی جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ علیمہ خان نے اپنی جائیدادیں چھپائی، عمران خان کی حکومت میں ایمنسٹی سکیم کے ذریعے تحریک انصاف کے بہت لوگوں نے اپنا کالا دھن سفید کروایا۔
انہوں نے کہا کہ شیریں مزاری کو پکڑا تو رات کو عدالت لگتی ہے، عمران خان کے حق میں فیصلے ہوتے ہیں، عدالت نے جس طرح عمران خان کے مخالفوں سے برتائو کیا ویسے ہی عمران خان کے ساتھ بھی وہ سلوک کرنا چاہیے تھا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کا ذریعہ معاش کیا ہے؟ چیف منسٹر نے مرتضیٰ وہاب کا استعفیٰ اب تک قبول نہیں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ہی نہیں بلکہ دنیا کے ہر بڑے ملک میں جرائم ہوتے ہیں، ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ کراچی میں جرائم کو کم کریں۔
سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں بدامنی سے نمٹنے کی کوشش کررہے ہیں، کراچی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے حکومت کوشاں ہے۔
